پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے اہم اعلان کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آتی جاتی رہتی ہے نظریہ ایک بار چلا جائے تو کبھی واپس نہیں آتا، میاں صاحب اور زرداری نے بیٹھ کر حکومت بنائی تو کیا وہ کرپشن کے خلاف بات کرسکیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں دھرنے، احتجاج کے بجائے پارلیمنٹ میں کردار ادا کرنا چاہیے، ہمیں اپنی ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ملکر چلنا چاہیے، تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت چاہیں گے۔
علی محمد خان نے کہا کہ فارم 45 کے معاملے میں بہت بڑا ڈرامہ ہوا ہے، پی ٹی آئی اس وقت حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، کراچی میں ہمارا مینڈیٹ ایم کیو ایم کو دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہوسکتا ہے ایسے آزاد رکن ہمارے ساتھ مل جائیں جو کسی جماعت کے رکن نہیں ہوں اور مخصوص نشستوں کے مسئلے کا حل نکل آئے گا اس کے لیے دو تین جماعتوں سے گفتگو چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر حکومت بنانا پی ٹی آئی کا حق بنتا ہے، سب سے بڑا پارلیمانی گروپ جو جیت کر آیا ہے وہ پی ٹی آئی ہے اس لیے ہمارا حق ہے کہ صدر مملکت ہمیں حکومت بنانے کی دعوت دے۔
علی محمد خان نے کہا کہ سمجھتا ہوں ماضی میں بھی استعفیٰ نہیں دینا چاہیے تھا، مستعفی ہونے کا فیصلہ پارٹی کا تھا ہم ساتھ کھڑے رہے، پرسوں احتجاج مؤخر کیا تاکہ امن سے کوئی کھلواڑنہ کرسکے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو سمجھ دار سیاسی ورکر دیکھا ہے، انہوں نے مشکل وقت میں کے پی میں پارٹی کو چلایا وہ جارحانہ طبیعت کے مالک ضرور ہیں پر سیاسی بالغ نظریہ رکھتے ہیں۔



















