Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 10 ماہ بعد عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی معاملات پر مشاورت ہوئی، پی ٹی آئی نے عمرایوب خان کو وزیر اعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، امید ہے قومی اسمبلی میں ہمارا وزیر اعظم آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، بانی چیئرمین نے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا ٹاسک مجھے دیا ہے، بانی پی ٹی آئی آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں کو ساتھ لیکر لائحہ عمل بنائیں گے جبکہ جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی، ایسی دھاندلی زدہ حکومت کو کوئی تسلیم نہیں کرےگا، ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے ، احتجاج کریں گے مگر استعفے نہیں دیں گے ، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن دھاندلی پر یورپ اور امریکا کو اس کی ذمہ داری یاد دلا رہے ہیں، امریکا جمہوری حقوق کا علمبردار اور دعوے دار ہے اس لیے توجہ مبذول کرائی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور عوام نے جس کو ووٹ ڈالا حکومت اس کا حق ہے، ہم اسمبلی میں احتجاجاً جائیں گے اور عوام کے سامنے بھی مؤقف پیش کریں گے۔

متعلقہ خبریں