اختیارولی خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں پی ٹی آئی کیلئے ڈکیتی کی گئی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن اختیارولی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو وزیراعلی نامزد کرکے ریاست مخالف ایجنڈا اپنا لیا۔
اختیارولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کو تورہ بورہ بنانے کی سازش کر رہی ہے، علی امین وزیراعلیٰ بنے تو خیبر پختو نخوا میں بلوچستان جیسے حالات پیدا ہو جائیں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن اختیارولی خان نے مزید کہا کہ خیبر پختو نخوا میں دھاندلی نہیں پی ٹی آئی کیلئے ڈکیتی کی گئی ہے، مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے۔
علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے نامزد
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے نامزد کردیا۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہونگے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل لارہے ہیں۔ ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے اتحاد نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے جہاں امیدواروں نے چترال، ایبٹ آباد، سوات، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مہمند، خیبر، مردان اور بنوں سے کامیابی سمیٹی ہے۔
صوبے میں حکومت بنانے کے لیے اسمبلی میں 73 نشستیں درکار ہیں جبکہ غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 76 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔



















