صدر مملکت نے کہا ہے کہ ملکی انسانی وسائل کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا کلیدی کردار ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے محمد شفیق خان کی قیادت میں رِیڈ فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وفد نے صدر مملکت کو تعلیمی و فلاحی شعبے میں رِیڈ فاؤنڈیشن کی خدمات کے بارے میں بتایا۔
وفد نے صدر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ فاؤنڈیشن ملک بھر میں 400 سے زائد اسکول اور کالجز چلا رہی ہے ، فاؤنڈیشن معاشرے میں معیاری ، قابل قدر اور بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد معیاری ، کم قیمت اور مفت تعلیم تک رسائی بڑھانا ہے،ریڈ فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیمی اور فلاحی شعبے میں ریڈ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پاکستان کے تمام بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے نجی اور سرکاری شعبے میں تعاون نا گزیر ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ملکی انسانی وسائل کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا کلیدی کردار ہے ، یتیم بچوں کی تعلیم اور خودمختاری جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے جبکہ ملکی و معاشرتی ترقی کیلئے بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔



















