سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا انتخابی نتائج سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45 اور فارم 47 کا مسئلہ ہے، موجودہ انتخابات میں فارم 47 فارم 45 سے جیت گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ انوکھا الیکشن تھا، گوگل بھی پریشان ہے کہ رزلٹ کیا ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا حالات بہتر ہو جائیں تو الیکشن کرائیں، میری بات درست ثابت ہوئی دیکھ لیا کہ کیا ہوا ہے اور کیا ہو گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس طرح آپ معاملات کو ٹھیک نہیں کر سکتے، آج کوئی بھی اقتدار کا مستحق نہیں، ملک کی بات کریں، یہ ایک ناکام الیکشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر آدمی اقتدار کی بات کر رہا ہے کہ مجھے اقتدار مل جائے، جو جتنا کمپرومائز کرے گا وہ حکومت بنا لے گا، جو بھی حکومت میں آیا، تمام جماعتیں ساتھ نہیں دیں گی تو حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی۔
سابق وزیر اعظم سے صحافی نے سوال کیا کہ کمپرومائز کس سے کرنا ہو گا؟ جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فارم 47 سے کمپرومائز کرنا ہو گا۔



















