بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہوئیں جس کے بعد اُن کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو 2022 میں لارنس بشنوئی کی جانب سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور 2023 کے آخر میں ملنے والی دھمکیوں کے بعد ان کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کیا گیا۔

تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اداکار کے ساتھ ساتھ ان کے اہلِ خانہ کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس میں ان کے بہنوئی آیوش شرما کی سیکیورٹی خاص طورپر شامل ہے۔

کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی خدشات کو دیکھتے ہوئے سلمان خان نے بلٹ پروف گاڑی خریدی تھی تاہم اب ممبئی پولیس اداکار کے اہلِ خانہ کو بھی مزید سیکیورٹی فراہم کررہی ہے۔




















