Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویرات اور انوشکا کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش، بیٹے کا نام بھی سامنے آگیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’ہم بے حد خوشی کے ساتھ اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ 15 فروری کو ہمارے ہاں  وامیکا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش ہوئی ہے‘‘۔

بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی جانب سے بھی یہی پوسٹ شیئر کی گئی اور بیان میں کہا گیا کہ ہم نے اپنے بیٹے کا نام ‘اکے ‘(Akaay) رکھا ہے‘ جب کہ ہم سب سے نیک خواہشات کی امید رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ دوسرے بیٹے کی متوقع پیدائش کے باعث ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف بھارت میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

ستمبر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جب کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور ویرات کوہلی کے قریبی دوست اے بی ڈی ویلیئرز نے بھی اس قسم کا دعویٰ کیا تھا تاہم انہوں نے بعد میں اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

واضح رہے کہ ویرات اور انوشکا کی شادی دسمبر 2017 میں اٹلی کے شہر میلان میں ہوئی تھی، جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں