پنجاب اسمبلی میں اسپیکر سبطین خان نے نو منتخب اراکین سے حلف لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے جاتی امراء میں اپنی رہائش گاہ سے پنجاب اسمبلی پہنچیں تو ارکان کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ارکان میں تین سو تیرہ ارکان شامل جن میں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی تعداد 215 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 98 ارکان ہیں۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ بارہ امیدوار حلف اٹھانے نہ پہنچے۔
حلف اٹھانے کے بعد ارکان اسمبلی گولڈن بک پر دستخط کر رہے ہیں۔
(ن) لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان میں تلخ کلامی
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان کے درمیان شدید نعرے بازی ہوئی۔
سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب نے ارکان کے مہمانوں کو اندر نہ آنے دینے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص جماعت کے لوگ مہمانوں کی گیلری میں بٹھادیے گئے ہیں جبکہ ہمارے مہمانوں کو اندر نہیں آنے دیا گیا۔
رانا آفتاب نے مطالبہ کیا کہ ہمارے مہمانوں کو اندر بلایا جائے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا رانا صاحب آپ اپنے مہمانوں کی لسٹ دیں میں ان کو اندر بلواؤں گا۔
ن لیگی ارکان نے اسپیکر سے حلف لینے کی استدعا کی تاہم اسپیکر نے ن لیگی ارکان کی استدعا منظور نہ کی اور اجلاس نماز جمعہ تک کے لیے ملتوی کر دیا۔
اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا
پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا۔انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔



















