صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کے لیے پاکستان کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کرتارپور کاریڈور کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرتا پور راہداری امن کی علامت ہے، کرتارپور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا۔
عارف علوی نے کہا کہ سکھ مذہب نے امن اور اتحاد، لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا، سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کے لیے پاکستان کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔
صدر مملکت کو سی ای او پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ نے کرتارپور صاحب میں سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں صدر مملکت کو سکھ مذہب اور کرتار پور صاحب کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا۔
صدر مملکت نے کرتارپور صاحب میں مختلف مقامات کا دورہ کیا اور یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔
انہوں نے اپنے دورے کے دوران میوزیم اور لنگر خانے کا دورہ بھی کیا۔



















