پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی مذمت کردی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئی ایم ایف کے نام پی ٹی آئی کے خط کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی فوائد کے لیے ملک کے معاشی مفاد کے خلاف قدم اٹھانا افسوس ناک ہے، تحریک انصاف کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، اس خط کے باوجود پاکستان اور آئی ایم ایف کی ڈیل ہوجائے گی۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی نائب صدر سینیٹرشیری رحمان نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کوخط کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور میں ریکارڈ قرضہ لینے والوں کواب یاد آیا کہ قرضہ واپس کون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ملکی معاملات میں مداخلت کی دعوت دینا ملک دشمنی نہیں تو کیا ہے؟ پی ٹی آئی قیادت ابھی تک اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھی۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط آج چلا گیا ہوگا۔
خط میں آئی ایم ایف کو کہا گیا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔



















