Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول کا این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کی نشست چھوڑ دیں گے تاہم  وہ این اے 194 لاڑکانہ کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری 8 فروری کو ہونے والی عام انتخابات میں دو نشستوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جب کہ لاہور کی نشست پر انہیں مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے خود پر دھاندلی کا الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔ انہوں  نے اپنے انتخابی حلقے کے تمام فارم 45 عوام کے سامنے رکھ دیے اور کہا کہ فارم 47 کے مطابق میں نے ایک لاکھ 35 ہزار 112 ووٹ لیے ہیں جو میری حریف پر ایک لاکھ سے زیادہ کی برتری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ این اے 194 سے ایک فراڈیے نے لاڑکانہ میں میری کامیابی کو دھاندلی سے تعبیر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے تین سینیٹرز کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن کے طور پر حلف اٹھانے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق سینیٹر یوسف رضاگیلانی فی الحال رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھائیں گے۔ سینیٹر نثار کھوڑو سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہونے کے باوجود فی الحال حلف نہیں اٹھائیں گے۔

اس کے علاوہ سینیٹر جام مہتاب ڈہر پی ایس18 گھوٹکی سے کامیاب ہوئے وہ بھی فی الحال حلف نہیں اٹھائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ سینیٹ انتخابات میں عددی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔

متعلقہ خبریں