ماہرین کا کہنا ہے کہ ہفتے میں ایک روزہ رکھنا صحت مند زندگی اور دیرپا جوانی میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزہ رکھنے یا بھوکے رہنے سے زیادہ تر درمیانی عمر کے افراد کو فائدہ مل سکتا ہے۔
اس تحقیق میں 18 سے 70 سال کے 100 سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور انہیں تین گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا۔
تحقیق کے دوران پہلے گروپ کے افراد کو 5 دن بھوکے رہنے، دوسرے گروپ کو کم کھانے اور تیسرے گروپ کو معمول کے مطابق کھانے کا کہا گیا۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران کسی بھی گروپ کی روز مرہ کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور انہیں دی جانے والی غذائیت میں بھی ان تمام لوازمات کا خیال رکھا جو کہ ہر شخص اپنی روز مرہ کی زندگی میں رکھتا ہے۔
تین ماہ کے ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا کہ درمیانی عمر کے جن افراد نے ماہانہ 5 دن روزے رکھے یا بھوکے رہے ان کی صحت بہتر رہی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ بھوکے رہنے والے افراد میں بلڈ شوگر کا لیول بہتر رہا، ان کے جگر میں چربی نہیں ہوئی، ان کے سینے یا جسم میں جلن نہیں ہوئی جب کہ انہوں نے خود کو تر و تازہ محسوس کیا۔
ماہرین کے مطابق ادھیڑ عمر افراد مہینے میں صرف پانچ دن یا ہر ہفتے ایک دن روزہ رکھ کر خود کو نہ صرف صحت مند رکھ سکتے ہیں بلکہ وہ خود کو جوان بھی رکھ سکتے ہیں۔




















