پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پر شدید تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے گوادر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان پر شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن بلوچستان کے کارکنوں کو ہدایت کرتی ہے کہ متاثرین کی فوری امداد کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
یاد رہے کہ گوادر میں 14 گھنٹے سے زائد مسلسل بارش کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور طوفانی بارشوں سے مختلف علاقے ڈوب گئے جہاں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی مکانات گرگئے ہیں، نکاس کا مؤثر نظام نہ ہونے سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔



















