Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق نےکہا ہے کہ حکومت آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بلوچ لاپتہ افراد کے کیس میں عدالتی احکامات کی تعمیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،  جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ طلباء سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے، بلوچستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے مجھے صوبے میں اس صورتحال کے بارے میں زیادہ علم ہے وہاں لوگوں کو مسلح مزاحمت کا سامنا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ریاستی عناصر کی سرگرمیاں بھی سامنے آئی ہیں، بلوچستان کو دو دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن اب اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ آئین تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے اور انہیں ریاست کے ساتھ غیر مشروط وفاداری کا مظاہرہ کرنے کا پابند بھی کرتا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے دو برسوں میں لاپتہ افراد کے کیس کی کئی سماعتیں کیں اور نشاندہی کی کہ گرفتاریوں کو ریکارڈ پر لانے کی ضرورت ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کا کریڈٹ حکومت اور متعلقہ اداروں کو جاتا ہے۔

عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی کی تحویل میں موجود افراد کے خلاف مقدمات کی تفصیلات درخواست گزار کو فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز خان اور اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں