موسم کی خرابی کے باعث قومی ائیر لائن پی آئی اے کی 12 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے گوادر کے مابین پی آئی اے کی پرواز پی کے 503 اور 504 منسوخ کردی گئیں جب کہ پی آئی اے کی کراچی سکھر کی پروازیں پی کے 536 اور 537 بھی منسوخ کردی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں، اسلام آباد اسکردو کی 2 پروازیں جب کہ اسلام آباد سکھر کی شیڈول پروازیں پی کے 631، 632 بھی منسوخ کردی گئیں۔
کراچی میں طوفانی بارش کی پیشگوئی، دفاتر میں آدھے دن کی چھٹی
کراچی میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بارش شروع ہو گئی ہے، بارش کے سبب سرکاری اور نجی دفاتر میں دو بجے کے بعد آدھے دن کی چھٹی دے دی گئی۔
شہر میں بارش کا پہلا دور صبح گیارہ بجے شروع ہوا جبکہ پونے دو بجے شہر میں بارش کا ایک اور اسپیل شروع ہوا۔
بلدیہ اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، سائٹ ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، اورنگی میں ہلکی بارش ہوئی۔ کھارادر، گلستان جوہر، صفورا، طارق روڈ، پی آئی بی، جمشید روڈ، ماڑی پور، فیڈرل بی ایریا میں بھی بارش ہوئی جبکہ گرومندر،صدر، ناظم آباد،گلشن اقبال، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ میں بارش ہوئی۔
موسم کی صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنرسندھ کی کمشنرکراچی کو رین ایمرجنسی کے تحت انتظامات یقینی بنانےکی ہدایت کر دی ہے۔



















