وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ پارٹی گائڈ لائن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبائی اسمبلی اراکین کے ہمراہ عدالت پہنچے، صدر آصف علی زرداری کے کاغذات ہم نے جمع کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے الیکشن کے لئے بھی سب سے درخواست کی تھی، علی امین گنڈا پور کی تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ پارٹی گائڈ لائن کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ماضی میں اچھے تعلقات رہے، ایم کیو ایم سے بھی ہم ووٹ کے لئے جائیں گے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہماری لوکل گورنمنٹ اس وقت امپاور ہے، ایم کیو ایم کی ڈیمانڈ بلدیات کے حوالے سے پنجاب کے لئے ہوسکتی ہے، ہمیں سندھ سمیت ہر جگہ پر تحفظات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو کسی کے خلاف ایف آئی آر ختم کرنے کے حوالے سے پاور حاصل ہوتی ہیں یا نہیں اس بارے میں کچھ پتا نہیں، میں کسی کے بیان پر فی الحال کوئی کمنٹ نہیں کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی اور امن و امان کے لیے ہم جو کوشش کرسکتے ہیں وہ کریں گے، 4 تاریخ کو اسلام آباد میں اسکروٹنی ہوگی۔



















