چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان سمیت پوری قوم کو یومِ بلوچ ثقافت کی مبارکباد پیش کی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ بلوچ ثقافت پر اپنے پیغام میں کہا کہ بلوچ کلچر ڈے تمام پاکستانیوں کو اپنے بلوچ بھائیوں کے منفرد ورثے، روایات اور قومی تانے بانے میں ان کی خدمات کو سراہنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے تمام پاکستانیوں کو اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ مل کر جشن منانے کا بھی موقعا فراہم کرتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے اپنے بلوچ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ دے کر یہ پرمسرت موقع منانا باعث فخر ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے ہر خطے کے ثقافتی تشخص کے فروغ اور تحفظ کے لئے پرعزم ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہماری اجتماعی طاقت ہمارے ثقافتی تنوع میں مضمر ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی بالخصوص نوجوانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کی قدیم و شاندار ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔



















