Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں آج بھی تیز سرد ہوائیں؛ درجہ حرارت گر گیا

کراچی میں بارش کے بعد جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی اور شہر میں کوئٹہ کی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔

شہر قائد میں گرد و غبار کے ساتھ سائبیریا کی ہوائیں چلنے لگیں تو لوگوں نے گرم کپڑے پھر نکال لیے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 19 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

دوسری جانب ملک کےمختلف حصوں میں برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان، کشمیرخیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں اور بلوچستان میں برف باری اور بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور چمن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے جبکہ چترال، سوات اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور لاہور میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔