پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار اسامہ خان نے کہا ہے کہ ان کا کبھی کوئی کرش نہیں رہا، البتہ انہیں اب تک دو بار محبت ہوچکی ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار اسامہ خان کا کہنا تھا کہ اداکاری سے قبل وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی ملازمت کرتے تھے اور اب بھی وہ ایک فرم میں ملازم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا آبائی تعلق پنجاب کے شوہر گوجرانوالا سے ہے، جہاں ان کا اپنا اسکول بھی چل رہا ہے اور وہ اس کے اکاؤنٹس کے معاملات بھی دیکھتے ہیں۔
دورانِ انٹرویو ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں بدتمیز سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ ایسے نہیں۔
اسامہ خان نے بتایا کہ وہ چونکہ شرمیلے ہیں اور کم بولتے ہیں، اس لیے لوگ انہیں بدتمیز سمجھتے ہیں لیکن جب وہ لوگوں سے مسلسل بات کرتے ہیں تو ان کا ارادہ تبدیل ہوجاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ان کا کبھی کوئی کرش نہیں رہا، البتہ انہیں اب تک دو بار محبت ہوچکی ہے لیکن ابھی وہ کسی سے محبت نہیں کر رہے اور نہ ہی تعلقات میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ ان کی ذاتی زندگی اور خاندان سے متعلق سوالات کرنا شروع ہوجاتے ہیں اور زیادہ تر لوگ ان سے شادی سے متعلق سوال کرتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ ان سے شادی سے متعلق کوئی سوال نہ کیا کریں اور ساتھ ہی انہوں نے میزبان کے پوچھنے پر واضح کیا کہ ابھی ان کا فوری طور پر شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے خیال میں محبت ہوتی ہی یک طرفہ ہے اور اگر دو افراد کو بھی ایک دوسرے سے محبت ہوجائے تو بھی ایک شخص کو دوسرے سے زیادہ ہوتی ہے۔
اسامہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں پتا کہ انہیں تیسری بار محبت ہوگی یا نہیں لیکن اب تک وہ دو بار محبت کر چکے ہیں۔




















