Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نگران صوبائی کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ

الیکشن کمیشن نے ہماری اسکیمیں روک دیں تھیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا جب کہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا حکومت کا کام ہے، پولیس میں کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس پر مشاورت جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا حکومت کا ہی کام ہے اور ہم نے رمضان پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے جب کہ میں خود اس مہم کی نگرانی کرر رہاہوں اور اگر انتظامیہ قابو نہیں کر سکی تو انتظامیہ کو سزا ملے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق نگران حکومت ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی جس کا اسے اختیار نہ ہو، پچھلی حکومت کے کاموں کو بھی نگران کابینہ نہیں چھیڑ سکتی تھی لہذا نگران صوبائی کابینہ کے تمام فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔

صدارتی انتخابات سے متعلق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری واضح اکثریت سے صدر  پاکستان منتخب ہو جائیں گے جس کے بعد سندھ اور بلوچستان کی کابینہ بھی بن جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر کے کابینہ تشکیل دیں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومت سازی سے متعلق قائم کمیٹی وزارتوں کا فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں