Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب کے بڑے شہروں میں آمدورفت کیلئے 657 بسوں کی فراہمی کا پلان منظور

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے بڑے شہروں میں آمد ورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657 بسوں کی فراہمی کے پلان کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب میں 20 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657 ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیں گی جبکہ 9 مئی سے بائیک پراجیکٹ لانچ ہوگا اور مئی میں ہی ڈیلوری شروع ہو جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اصولی منظوری دیتے ہوئے طلبہ کے لئے ایڈوانس کی رقم کم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

دوران اجلاس مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے، عوام معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہوگا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہر تحصیل میں طالبات کے لئے اسکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

اجلاس میں بڑے شہروں میں آمد ورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657 بسوں کی فراہمی کے پلان کی بھی منظوری دے دی گئی اور وزیر ٹرانسپورٹ کو مانیٹرنگ کی ہدایت کردی گئی۔

واضح رہے کہ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزیرٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری فنانس، ایم ڈی ٹی پی آر اے، صدر بینک آف پنجاب، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں