قیصر شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کے ریلیف میں نہیں تکلیف میں اضافہ کیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے آغاز پر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ افسوس ناک ہے ، حکومت مافیاز کی پشت پناہی کی بجائے ان کے خلاف کارروائی کرے۔
قیصر شریف نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی ہے ، حکومت دعووں کے باوجود ناجائز منافع خوروں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سبزیاں، پھل اور ضروری اشیاء غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں ، مہنگائی نے غریب عوام کے لیے سحری اور افطاری کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ منڈیوں میں ذخیرہ اندوزوں نے سپلائی کنٹرول کر کے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کا پیکج عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نا کافی ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز سے غریب عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کا منصوبہ ناکافی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کے ریلیف میں نہیں تکلیف میں اضافہ کیا ہے ، عام آدمی کےافطار و سحر کے اخراجات قابو سے باہر ہوگئے ہیں، حکومت کو قیمتوں پر کنٹرول کرنا چاہیے تاکہ غریب آدمی آرام سے روزے رکھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے ، گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں جبکہ مجسٹریٹس ،فوڈ اتھارٹیز اور محکمہ خوراک کے افسران کا کہی کردار نظر نہیں آ رہا۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے مزید کہا کہ دکاندار، تاجر اور خوردہ فروش شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ، حکومت مہنگائی کے جن کو قابو نہیں کرپاتی تو احتجاج کی کال دیں گے۔



















