چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں مینڈیٹ چوری کے خلاف ہمارا پر امن احتجاج جاری رہے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ہماری ملاقات ہوئی ہے، بانی چیئرمین ہائی سپرٹس میں ہیں ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران ان سے ملاقات ہوئی، دیکھنا ہوگا کل جو ملاقات شیڈیول ہے اس کے مطابق ملاقات کروائی جاتی ہے کہ نہیں۔
بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ ہمیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکورٹی سے متعلق خدشات ہیں، بانی پی ٹی آئی سے متعلق جاری تھریٹ الرٹ کو سنجیدہ لیتے ہیں، اس متعلق ہم کوئی کمنٹ نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس منفرد نوعیت کا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ان کے وکلاء اور فیملی کی ملاقات کے لیے سہولت فراہم کی جائے جب کہ انتخابات میں مینڈیٹ چوری کے خلاف ہمارا پر امن احتجاج جاری رہے گا ۔



















