صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آغا نبیل، چیف پلاننگ افیسر عبدالحق بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حماد الرب و دیگر افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جاری ترقیاتی اسکیموں اور ری ویمپنگ کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفننگ بھی دی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شعبہ صحت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور افسران سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے منصوبے کی خود نگرانی کریں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدر اینڈ چائلڈ بلاک گنگارام، ڈی ایچ کیو ساہیوال، ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ اور کارڈیالوجی ہسپتال ڈی جی خان کے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی، نشتر ٹو ملتان اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ہیں۔



















