Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامو فوبیا کی پر زور مذمت کرتی ہوں، اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا ہی ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمانوں کو ظلم و جبر کا شکار کیا جا رہا ہے، اسلام پر امن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق دیئے، اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیےاسلامی دنیا کے چہرے کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے، اسلامی اقدار پر من و عن عمل اور ہمارا انفرادی طرز عمل اسلامو فوبیا کو مات دینے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کو اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر ہمیں عہد کرنا ہے کی ہم بردباری، تحمل اور اخلاق حسنہ کا دامن نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ خبریں