لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈز کی تعمیر کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 811 روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی جائے گی، پنجاب میں پہلی مرتبہ بیک وقت 16ہزار 558 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صہیب بھرت اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے سڑکوں کا خود دورہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ موڑ میں پانچ ایکسپریس ویز کی تعمیر کا پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں انتہائی خطرناک اور بوسیدہ حالت 10 پلوں کی تعمیر شروع کردی گئی ہے،تاہم وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پل بند کرکے تعمیر و مرمت شروع کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت دی ہے کہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی پراجیکٹ میں کوالٹی کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات صہیب احمد بھرت،ارکان صوبائی اسمبلی ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس سمیت دیگر ارکان موجود تھے۔



















