Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، عطاءاللہ تارڑ

عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، معیشت کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں گے

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے معیشت کے حوالے سے آتے ہی اپنا ایجنڈا دیا، معیشت کو درپیش مسائل فوری حل کے متقاضی ہیں۔

عطاءاللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، کوئی دن ایسا نہیں جب وزیراعظم معیشت کے بارے میں کوئی اجلاس منعقد نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی جریدوں نے وزیر خزانہ کی تقرری کو مثبت قرار دیا ہے، حکومت کی ترجیح واضح ہے، سیاسی استحکام کے نتیجے میں ہی معاشی استحکام آتا ہے۔

عطاءاللہ تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، پاک فوج کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، اس واقعہ میں 23 سالہ کیپٹن محمد بدر شہید ہوئے جو پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے،جب محمد بدر شہید کا جسد خاکی اس گھر میں لایا گیا ہوگا تو وہاں کیا گذری ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سیکورٹی اداروں اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج یہ ملک قائم و دائم ہے، ہم شہداءکے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرستان کے واقعہ میں شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ایک سیاسی جماعت نے وزیرستان کے شہداءکی قربانیوں کی تضحیک کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اس جماعت کا ماضی میں بھی ٹریک ریکارڈ ہے کہ انہوں نے شہداءکی قربانیوں کے حوالے سے توہین آمیز اور تضحیک آمیز مہم سوشل میڈیا پر چلائی، اس طرح کے گھناﺅنے عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں