خیبرپختونخوا میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا ڈیجیٹل مشین ٹیلی کلینک منصوبے کا آغاز پشاور سے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی نے ڈیجیٹل مشین ٹیلی کلینک منصوبے کا افتتاح کیا، پہلا ڈیجیٹل ٹیلی کلینک گلبہار میں قائم کیا گیا ہے۔
تقریب میں سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی اور چیئرمین گلبہار عمران الدین سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
ڈیجیٹل مشین ، صرف ایک کلک پر بلڈ شوگر و دیگر ٹیسٹ ،بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ یقینی ہوگا جب کہ ملک و بیرون ملک کے قابل ترین ڈاکٹرز ٹیلی کلینک منصوبے سے وابستہ ، آن لائن علاج و صحت مشورے دیے جائیں گے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ جدید ٹیلی کلینک غریب عوام کو سستی ترین اور جدید ترین صحت سہولیات فراہم کرے گا، یہ صرف ایک مشین نہیں اپنے اندر پورا ہسپتال ہے، ڈیجیٹل مشین عوام کو ہزاروں روپوں کے ٹیسٹس سے بھی بچائیگی اور علاج بھی فوری ہوگا۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی پر اسکو پورے صوبے کی عوام تک وسعت دی جائیگی، شہر کی عوام کا ہم پر حق ہے، ہم اپنا فرض پوری ایمانداری سے نبھا رہے ہیں، جدید ٹیلی کلینک یقینی طور پر صحت کے شعبے میں انقلاب ہے۔
میئر حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ اس میں خواتین و مرد مریضوں کے لیے الگ الگ مشین انسٹال کی گئی ہے، جدید ٹیلی کلینک ماڈل بیرون دنیا میں بھی کامیابی سے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔



















