لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں صوبائی کابینہ نے تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔
دوران اجلاس مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیاء کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آرہے ہیں، چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم، ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کے لیے توقع سے بڑھ کر کام کیا، اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔
دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج تاریخی اقدام ہے،رمضان پیکیج کی کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

















