لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی جس پر مریم نواز نے انکا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ایرانی قونصل جنرل نے ثقافتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کر کے فوری اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا اور باہمی ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوران ملاقات مریم نواز نے بتایا کہ خیر سگالی کے طور پر 20مارچ کو نوروز کی مناسبت سے بادشاہی مسجد میں چراغاں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام کے فروغ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کا تاریخی رشتہ صدیوں پر محیط ہے، پاکستان اور ایران کے تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پاک ایران تعلقات بڑھانے کا ویژن قابل تعریف ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کا مستقبل درخشاں ہے۔
بعدازاں ایرانی قونصل جنرل نے حکومت پنجاب اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ملاقات میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔



















