سی ای او پاکستان ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر پر 4 خصوصی ٹرینیں چلائیں گے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ عید پر 4 خصوصی ٹرینین چلائیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو ریلوے کے کرائے بھی کم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے اخراجات خود پورے کررہا ہے اور پنشن کے علاوہ ریلوے حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لیتا، گزشتہ چند ماہ میں ریلوے کی آمدن 5ارب روپے سے بڑھ کر 8 ارب روپے ہوگئی ہے۔
عامر علی بلوچ کا کہنا تھا کہ کوئلہ کی نقل و حمل کے ذریعے ریلوے کے تقریباً 50 فی صد اخراجات پورے ہورہے ہیں تاہم ریلوے سسٹم چلانے کے لیے 24 گھنٹے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق ریلوے میں بہتری لائے، سیلاب کے بعد تباہ شدہ ٹریک کو بحال کرنے سمیت منافع بخش ٹرینیں بھی بحال کیں۔
سی ای او ریلوے کا کہنا تھا کہ 55 ارب روپے وفاقی حکومت سبسڈی دیتی ہے تو وہ سب پنشن کے مد میں چلے جاتے ہیں، ریلوے خسارہ پنشن کی شکل میں ہے۔ تاہم تنخواہیں سمیت دیگر اخراجات خود پورے کررہے ہیں۔



















