لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی تمام شعبوں میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ہرنائی میں کوئلہ کان حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ المناک واقع کان کنی صنعت میں بہتر حفاظتی اقدامات کی فوری ضرورت کی یاد دہانی ہے۔
چیئرمین پی پی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور کوئلہ کانوں میں سخت حفاظتی پروٹوکول نافذ کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ محنت کشوں کی حفاظت اور بہبود کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے، پی پی پی کی زیر قیادت بلوچستان حکومت اِس طرح کے حادثات کو روک تھام کے لیے اقدام کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام شعبوں میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو ہرنائی کے علاقے زر الو میں واقع نیر جلات خان کول مائن نیں گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا جس سے کوئلہ کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا۔
اس موقع پر چیف انسپیکٹرمائنز عبدالغنی شاہوانی نے کہا کہ ہرنائی میں کوئلہ کاکنوں کو نکالنے کے لیے آپریشن مکمل ہو گیا، کان سے 8 کانکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ کوئلہ کان سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
چیف انسپیکٹرمائنز عبدالغنی شاہوانی نے مزید کہا کہ 12 لاشیں نکالی جاچکی ہیں 8 جبکہ کانکنوں کو زندہ بچالیا گیا، کان حادثہ میں مرنے والے تمام کانکنوں کا تعلق پشین سے ہے، تمام کانکنوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائے گی۔



















