بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد چاکر لیاقت کو ہلاک اور 2 دہشت گردوں کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 20 اور 21 مارچ کی درمیانی رات کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجگور میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد چاکر لیاقت کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے، تاہم علاقے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔















