Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا کنگنا رناوت چند ماہ میں شادی کرنے والی ہیں؟

اکثر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ کنگنا رناوت سے متعلق یہ خبر گردش کررہی ہے کہ وہ اگلے چند ماہ میں شادی کرنے والی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ریڈٹ پر ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں اداکارہ کنگنا رناوت سے متعلق اہم انکشاف کیا لیکن بعد میں صارف کی جانب سے اُس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ پوسٹ میں صارف نے کنگنا رناوت کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں اور اُنہوں نے اپنی شادی کے جوڑے کے لیے ڈیزائنرر سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔

صارف نے کہا تھا کہ اداکارہ اپنی شادی کے دن ساڑھی زیبِ تن کریں گی جس کے لیے اُنہوں نے بھارتی فیشن انڈسٹری کے انتہائی غیر معمولی فیشن ڈیزائنرز کا انتخاب کیا ہے جبکہ اُن کے ملبوسات تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔

صارف کی جانب سے کنگنا رناوت کے دولہے میاں کے بارے میں کسی بھی قسم کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی جبکہ یہ پوسٹ جیسے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی تو صارف نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔