چائے پینے کے شوقین افراد کے لئے اچھی خبر آ گئی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق روزانہ دو یا اس سے زیادہ کپ چائے پینے سے زندگی کی میعاد بڑھ جاتی ہے بنسبت ان لوگوں کے جو بالکل بھی چائے نہیں پیتے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ لوگ جو روزانہ دو یا دو سے زیادہ کپ چائے پیتے ہیں ان میں متعدد وجوہات کی بنا پر مرنے کا خطرہ 9 سے 13 فیصد کم پایا جاتا ہے۔
ماہرین نے اس تحقیق میں چائے پینے اور ان آبادی میں موت کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا ہے جہاں زیادہ تر کالی چائے پی جاتی ہے۔
اس تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے تقریباً 5 لاکھ مرد اور خواتین شرکا شامل تھے۔ جنہوں نے ایک دن میں پیے جانے والے چائے کے کپوں کی اوسطاً تعداد کی اطلاع دی۔
ان میں کالی، سبز اور دودھ مع چینی والی چائے شامل تھیں، ماہرین نے شرکا کے جینیاتی معلومات کا بھی استعمال کیا۔
تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے چائے پینے والوں میں سے تقریباً 90 فیصد شرکا کالی چائے پیتے تھے، اور وہ لوگ جو روزانہ دو یا دو سے زیادہ کپ چائے پیتے تھے ان میں متعدد وجوہات کی بنا پر مرنے کا خطرہ 9 سے 13 فیصد کم پایا گیا۔
جب محققین نے موت کی مخصوص وجوہات پر نظر ڈالی تو چائے پینے کا تعلق فالج، کورونری دل کی بیماری اور عمومی امراض قلب کے کم خطرے سے پایا گیا۔




















