اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 5 کارروائیوں میں 640 کلو گرام منشیات برآمد کرکے 5 ملزمان گرفتارکر لئے۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مغربی بائی پاس کوئٹہ کے قریب سے 230 کلوگرام ہیروئن، 220 کلوگرام کرسٹل برآمدکی گئی جبکہ ماشکیل چاغی سے 100 کلوگرام افیون اور 80 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔
ترجمان اے این ایف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب3ملزمان سے 6.8 کلو گرام ویڈ برآمدکی گئی جبکہ کھنہ پُل اسلام آباد سے 602 گرام ویڈ برآمدکی گئی اور راولپنڈی میں صدر کے قریب دو ملزمان سے 2.5 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔
ترجمان اے این ایف کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



















