بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر اور شیر افضل مروت کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین نامزدکردیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں 40 ایم پی ایز کے فارورڈ بلاک سے متعلق علم نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈلو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کروائی جائے، امریکی سفیر ملنے جیل نہیں آئے، امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی تو ڈونلڈ لو کے بیان اور امریکی سفارتخانے کے کردار پر بات کروں گا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اصل سائفر دفتر خارجہ میں موجود ہے، ہمیں پیرا فریز کاپی دی گئی تھی، سائفرگم ہوا تو وزیراعظم اپنے آفس کا چوکیدار نہیں ہوتا، آفس کےکچھ سکیورٹی پروٹوکول ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات اور 8 فروری کے انتخابات کے لیے الگ الگ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔



















