Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی جس میں سمال میڈیم انٹرپرائزز کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ایف بی آر کی تنظیم نو، صنعتی گیس کی قیمتوں اور ڈیجیٹیلائزیشن پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ میں جو فنڈز رکھے تھے وہ بھی ابھی تک جاری نہیں ہوئے، اگر وفاقی حکومت سندھ میں کوئی پی ایس ڈی پی کا پراجیکٹ نہیں کرنا چاہتی تو اس پر بات چیت ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صنعت کار گیس کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے پریشان ہیں جس پر وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر پیٹرولیم سے اس معاملے پر بات کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ہمیں فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانی ہوگی اس پر وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں زراعت، لائیو اسٹاک اور فشریز سیکٹر میں زیادہ کام کرنا ہے اور زرعی برآمدگی کی طرف بڑھنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت نے حیسکو اور سیپکو کی مد میں 13 بلین روپے کاٹ لیے ہیں جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ایٹ سورس کٹوتی کے مسائل حل کریں گے۔

متعلقہ خبریں