Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کررہے ہیں

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے اور گرین الائینس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کا وزیراعظم شہباز شریف کو خط

واضح رہے اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے۔

 امریکی صدر نے کہا کہ پاک امریکا شراکت داری دنیا کی سلامتی کے لیے اہم ہے، اہم چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نبرد آزما ہے امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

خط میں کہا گیا کہ امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے خط میں مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں