حزب اختلاف کی سن لی گئی، خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جب کہ سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔
خیبرپختونخوا اسبملی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔
اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نےصوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھاکہ ان کے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کردیے گئے۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
تحریری حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 تین اور الیکشن ایکٹ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے۔
الیکشن کمیشن نے کہاکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے حلف نہ لینے پر سینٹ انتخابات ملتوی کیے گئے، نو منتخب ارکان کے پی اسمبلی کے حلف تک انتخابات روک دئیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔



















