اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی۔
چیف آف آرمی چیف نے صدر کو مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد پیش کی جب کہ آرمی اسٹاف نے صدرمملکت کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے صدر کو دہشت گردی سے متعلق آپریشن سے آگاہ کیا، آرمی چیف نے روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی اور بلوچستان، کےپی کے ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں صدر مملکت نے مسلح افواج کے مثالی کردار کو بھی سراہا ، صدر نے کہا کہ ریاستی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی ہیں صدر نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔
صدر نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کےغیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، صدر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
صدرنے قومی طاقت کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپورجواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا جب کہ صدر نے مخصوص سیاسی جماعت کے ادارے پر بے بنیاد الزامات پرتشویش کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں صدرمملکت نے قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔



















