ملک بھر میں شبِ قدر آج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
لیلة القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لیلة القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔
لاکھوں مسلمان اس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں۔
خواتین گھروں اور مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔
یہ شب مبارک اس قدر اہمیت وفضیلت والی ہے کہ اس کی ایک رات کی اخلاص کے ساتھ عبادت اہل ایمان کے لیے 83 برس چار ماہ کی عبادتوں سے بھی افضل ہے۔
اس رات کی بے شمار فضیلتیں
رمضان المبارک ہزاروں رحمتوں، برکتوں، سعادتوں، مغفرتوں اور روحانی مسرتوں کو اپنے دامن میں لیے ہم پر سایہ فگن ہے۔
یہ خالق کائنات کی طرف سے انسانیت کے لیے ایک عظیم الشان تحفہ اور بہت بڑا انعام ہے۔
’’بے شک، ہم نے اس (قرآن) کو لیلۃ القدر میں نازل کرنا شروع کیا اور تمہیں کیا معلوم کہ لیلۃ القدر کیا ہے؟لیلۃ القدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے اس میں روح (الامینؑ) اور فرشتے ہر کام کے (انتظام کے لیے) اپنے پروردگار کے حکم سے اترتے ہیں۔ یہ (رات) طلوع صبح تک (امان) سلامتی ہے۔
باری تعالیٰ نے اس سورۂ مبارکہ میں لیلۃ القدر (شب قدر) کی عظمت کی چار بنیادی خصوصیات بیان کی ہیں۔(1) نزول قرآن،(2) نزول ملائکہ،(3) ہزار مہینوں سے افضل رات، (4) پوری شب سلامتی اور رحمت۔



















