کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کی ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے جاپان کے قونصل جنرل ہٹوری مسارو کی بھی ملاقات ہوئی جس میں سرمایہ کاری، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جاپانی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دی ہے، سندھ میں سرمایہ کاری اور تجارت کے بہتر مواقع موجود ہیں۔



















