میک اپ آرٹسٹ، ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے کہا ہے کہ پلاسٹک سرجری کروانے کے باوجود وہ شخص وہی رہے گا جو پہلے تھا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ خواتین ان سے سب سے زیادہ یہی فرمائش کرتی ہیں کہ انہیں اپنے جیسا بنادوں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یہی بات سمجھ نہیں آتی کہ جب ہر شخص کی اپنی جسامت، اپنی ساخت، اپنے خدوخال ہوتے ہیں تو کوئی کسی دوسرے جیسا کیسے بن سکتا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ وہ پلاسٹک سرجری نہیں کرتیں لیکن اگر کوئی پلاسٹک سرجری بھی کروالے تو بھی کوئی کسی دوسرے جیسا نہیں بن سکتا۔
نادیہ حسین نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سیلون پر چھوٹے مسائل یا پریشانیاں ہوتی رہتی ہیں، کبھی کسی کے بال بنانے کا مسئلہ آتا ہے تو کبھی کسی خاتون کے ہیئر کلر کا معاملہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ یہ شکوہ بھی کرتے ہیں کہ سردیوں میں ان کے بال ٹھنڈے پانی سے کیوں دھوئے جاتے ہیں جب کہ اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں ہوتی، اس وقت گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔




















