عید الفطر کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات کا انتہائی اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شوال کا چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے۔
نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو سکتی ہے، 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا، پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10اپریل کو ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں آج اسلام آباد میں ہوگا۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔



















