سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بڑا سرپرائز دے دیا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مشاورت کیلئے گیا تھا، ابھی پارٹی کی رجسٹریشن کیلئے اپلائی کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی میں ہماری جماعت سامنے آجائے گی، پارٹی کے حوالے سے بہت سے دوستوں سے مشاورت بھی ہوئی ہے، ہماری پارٹی کسی ایک شخص یا کسی ایک خاندان کی جماعت نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری جانب سے پاکستان کے عوام کیلئے ایک کوشش کی جا رہی ہے، موجودہ حکومت کا تیسرا مہینہ شروع ہو گیا ہے، لیکن ابھی تک کرسیوں کی بندربانٹ پر جھگڑا چل رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،لیکن ہماری جانب سے ابھی تک کسی سے رابطہ نہیں کیا کیا گیا ، ہمیں اپنی جماعت کیلئے وہ لوگ چاہیے جو ملک کیلئے کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں، نئی جماعت کیلئے ہر طرف سے پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، یورپ، امریکا کینیڈا سے لوگ جماعت میں شامل ہونے کیلئے رابطہ کر رہے ہیں، جماعت کا نام ابھی فائنل نہیں کیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے سیاست کسی دوسرے کی ناکامی پر نہیں کرنی، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک کی ترقی ہو، ہم پارٹی لانچ کریں گے تو پورا ریفارم پلان دیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا کام ملک کے مسائل کو حل کرنا ہے، ہم نے کسی سے ٹکر نہیں مارنی، ہم نے اصول اور قانون کی بات کرنی ہے۔



















