کے الیکٹرک کی جانب سے اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق حب پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے اچانک بجلی کے بریک ڈاؤن سے 66 انچ ایم ایس کی رائزنگ مین متاثر ہو گئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا معائنہ کیا۔
سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسد اللہ خان نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ لائن کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ لائن کا مرمتی کام اگلے 72 گھنٹوں میں مکمل کیا جائے گا۔
چیف انجنیئر کے مطابق حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے، لائن متاثر ہونے کے باعث ڈسٹرکٹ ضلع غربی اور ضلع وسطی کے کچھ علاقے متاثر ہونگے۔
چیف انجینئر واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



















