Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسموگ تدارک کیس: لاہور ہائی کورٹ کا ڈی جی ماحولیات کو افسران تبدیل کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پھیلنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر افسران کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ 

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ ڈی جی ماحولیات ان دونوں افسران کو فوری تبدیل کرے، افسران کو ماحولیاتی آلودگی پھیلنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ سی بی ڈی سو ایکٹر رقبے پر کیا کرنے جارہے ہیں۔ جس پر وکیل سی بی ڈی نے بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب حکومت کا پروجیکٹ کرنے جارہا ہے۔ لاہور کے گردونواح میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی بھرمار ہے، دو ایکڑ زمین خرید کر بجلی کا کھمبا لگا دیا جاتا ہے اور ہاؤسنگ سوسائٹی بن جاتی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شاید ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق کوئی پالیسی نہیں ہے۔

اس دوران ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز زرعی رقبے کو ختم کررہی ہیں جس سے فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اس پر حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ سے غور کرنا ہوگا۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت ائندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں