Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آرمی چیف کا سعودی فوج کی استعدادکار میں اضافے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی بری فوج کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبد اللہ العتیبی کی ملاقات ہوئی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سعودی معاون وزیر دفاع کی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جہاں انہوں نے فوجی تربیت کے میدان میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف اور سعودی معاون وزیر دفاع نے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے پاک فوج کی جانب سے سعودی بری فوج کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ارادہ کیا۔

دوران ملاقات سعودی معاون وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ پاک فوج نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ نے پاک سعودی دفاعی تعاون کے حوالے سے پانچویں اجلاس میں بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور سعودی معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

متعلقہ خبریں