صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر آصف زرداری اپنے ایک بیان میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے بڑا جانی نقصان ہونے سے بچا۔
آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کا اجتماعی صفایا کرنے کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے گی، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں پولیس نے غیر ملکیوں پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ سیکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد زخمی بھی ہوگئے۔



















